حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شہر قم میں خواہران کے مدرسہ علمیہ کے پرنسپل حجت الاسلام و المسلمین سید محمود مدنی نے اپنے معاونین کے ہمراہ جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ کے نئے سربراہ آیت اللہ سید ھاشم حسینی بوشہری سے ملاقات کی۔
آیت اللہ حسینی بوشہری نے اس ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے عقیلۂ بنی ہاشم حضرت زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا کی شہادت کی مناسبت سے ہدیہ تبریک پیش کرنے اور جامعۃ الزہرا(سلام اللہ علیھا) کا تاریخی پس منظر بیان کرتے ہوئے کہا: یہ تعلیمی اور تحقیقی ادارہ حوزہ علمیہ قم کے بزرگان کی کوششوں اور امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی دور اندیشی کے سبب معرض وجود میں آیا اور اب یہ ادارہ آیۂ کریمہ "کَشَجَرَةٍ طَیِّبَةٍ أَصلُها ثابِتٌ وَفَرعُها فِی السَّماءِ" کا مصداق ہے۔
انہوں نے مزید کہا: جامعۃ الزہرا سلام اللہ علیہا میں بہت زیادہ علمی، تحقیقی اور ثقافتی کام ہوئے ہیں اور ہو رہے ہیں۔ ان کاموں کی رپورٹ مختلف اداروں میں جانی چاہیے تاکہ وہ اس عالمی مرکز کی علمی، تحقیقی اور ثقافتی سرگرمیوں سے آگاہ ہوں۔
جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ کے سربراہ نے کہا: جامعۃ الزہرا(سلام اللہ علیھا) سے فارغ التحصیلان نے دیگر ممالک میں بھی بہت سارے خواہران کے دینی مدرسوں کی بنیاد رکھی ہے اور یہ بات جامعۃ الزہرا(سلام اللہ علیھا) کی کے لیے باعث فخر ہے کہ اس نے ایسے نیک انسانوں کی تربیت کی ہے کہ جو دنیا بھر میں اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات کی ترویج میں مصروف ہیں۔
آیت اللہ حسینی بوشہری نے کہا: کس نے سوچا تھا کہ خواتین بھی فقہیم کلامی، تاریخی اور دیگر موضوعات پر انتہائی دقیق اور علمی آثار پیش کریں گی۔ لیکن جامعۃ الزہرا(سلام اللہ علیھا) جیسے قابل فخر ادارے کی علمی کوششوں سے یہ ممکن ہوا ہے اور خدا کے فضل و کرم اور حجت الاسلام والمسلمین سید محمود مدنی جیسے فاضل خدمت گزار اور روشن فکر شخص کی تدبیر سے یہ کام جاری و ساری ہے۔
انہوں نے آخر میں ایک بار پھر حضرت زینب سلام اللہ علیھا کی ولادت کی مناسبت سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہیں صبر و استحکام کا مظہر قرار دیا اور کہا: جس طرح حضرت زینب سلام اللہ علیہا کا صبر اور ثابت قدمی ہمارے لیے نمونہ ہے اسی طرح ان کے اہداف بھی ہمارے لئے نمونہ عمل ہونا چاہئیں۔